پنجاب بھر میں آج (7 جون) سے قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس فنکشنل

فیصل آباد(یوسف بخاری)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں آج (7 جون) سے قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس کو فنکشنل کر رہے ہیں ۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے سیل پوائنٹس بغیر نفع نقصان کے اصول کے تحت چلیں گے۔ وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان عاشق ملک کے ساتھ فیصل آباد کے دورے میں کمشنر آفس میں ضلعی افسران اور عوامی نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی پر صفائی کے موثر انتظامات کے لئے 13 روز کے لئے میونسپل سٹاف کی چھٹیوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ پابندی عید سے 10 روز پہلے اور تین روز بعد تک ہوگی ۔ کمشنر آفس میں اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام اور عید صفائی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر فیصل آباد سلوت سعید، ڈپٹی کمشنرفیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ کے علاوہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔میونسپل اداروں کے چیف آفیسرز نے بریفنگ دی۔اجلاس میں ارکان اسمبلی اورٹکٹ ہولڈرز بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کا ہدف یومیہ 57 ہزار ٹن کوڑا تیز رفتاری سے تلف کرنا ہے۔جدید ممالک کہ طرح پنجاب میں بھی صفائی کا دیرپا نظام رائج کرنا چاہتے ہیں اس کے لئے آؤٹ سورسنگ ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے معیاری نظام کے لئے آؤٹ سورسنگ کی پری کوالیفیکیشن کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ذیشان رفیق نے کہا کہ پہلی بار شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کا یکساں نظام متعارف کرا رہے ہیں آج سے پہلے دیہات تک کبھی میونسپل سروسز نہیں پہنچیں حالانکہ آبادی کی اکثریت دیہات میں رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی کاوشوں سے دیہی علاقوں کو بھی فوکس کر رہے ہیں۔صفائی کا پروگرام آؤٹ سورس ہونے پر کنٹریکٹرز کو دستیاب ہیومن ریسورس سپرد کریں گے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہر کنٹریکٹر کی کارکردگی کو حکومت پنجاب خود مانیٹر کرے گی۔ صفائی کی سہولیات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ پروگرام کے مطابق ہر 250 گھرانوں کے لئے ایک سینٹری ورکر مخصوص ہوگا۔ علاوہ ازیں پنجاب بھر میں پانچ جدید نئی لینڈ فل سائٹس قائم کی جا رہی ہیں۔ ضلع فیصل آباد میں بھی ایک لینڈ فل سائٹ بنائی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ آؤٹ سورسنگ کے ممکنہ چینلجز سے نمٹنے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔ کوڑا اٹھانے اور گلی محلوں کی صفائی کے لئے معمولی فیس لاگو کی جائے گی۔ صفائی کے موثر نظام کے لئے شہری اور دیہی علاقوں میں مانیٹرنگ کمیٹیز قائم ہونگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے عیدالاضحٰی پر شہروں میں زیرو ویسٹ کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے سستی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ضلعی افسران کو صفائی پلان متعلقہ ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور میڈیا سے بھی شیئر کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی سربراہی میں ڈویژن بھر میں ستھرا پنجاب کے پہلے مرحلے کے اچھے نتائج کی تعریف بھی کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلی ذیشان ملک نے ستھرا پنجاب پروگرام اور عید پلان کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈرز بھی حکومتی ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔ عوامی خدمت کے عمل میں انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔ ذیشان ملک نے یہ بھی کہا کہ تعمیر و ترقی اور عوامی بہبود کے اقدامات میں عوامی نمائندوں کا تعاون ضروری ہے۔ کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے صوبائی وزیر اور معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اہداف کی تکمیل کے لئے کمربستہ ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے پہلے مرحلے میں فیصل آباد ڈویژن ٹاپ ڈویژنز میں تھا۔ آئوٹ سورسنگ کے بعد بھی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے۔ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے عیدالاضحی صفائی پلان کی کامیابی کے لئے تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ضلع کو ستھرا پنجاب میں بہترین ضلع بنانے میں انتظامیہ کی بھرپور معاونت کریں گے۔صوبائی وزیر نے بیرون چنیوٹ بازار زیر تعمیر پارکنگ پلازہ کا معائنہ بھی کیا اور پلازہ کو اسی حالت میں بروئے کار لانے کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں ٹریفک مسائل کے حل کے لئے پارکنگ پلازہ کی تعمیر ناگزیرہے جس کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے چوک گھنٹہ گھر وملحقہ بازاروں کا بھی دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال چیک کی۔

0/Post a Comment/Comments

پلیز کمنٹ باکس میں کسی قسم کا سپیم لنک شیئر نہ کریں