بجلی، گیس، ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء میں روزمرہ اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

فیصل آباد (جواد شاہ) ٹیکسٹائل پاور لوم گارمنٹ ورکرز یونین، ایل ای ایف اور SAAPEکے زیر اہتمام بجلی، گیس، ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء میں روزمرہ اضافہ کے خلاف ملت چوک فیصل آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا  جس میں ہوزری، ٹیکسٹائل، گارمنٹس ورکرز بشمول خواتین ورکرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج کے  شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسلم معراج، میڈم حفصہ، محمد علی بٹ، شہزاد مغل، عبدالستار لبھا و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں غریب آدمی کے لئے علاج معالجہ کرانا آسمان سے باتیں کرتے ہوئے پرائیویٹ ہسپتالوں کے اخراجات اور مہنگی ادویات خریدنا مشکل ہو چکا ہے اور رہی سہی کسر بجلی کے بلوں نے نکال دی ہے، مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری ہسپتالوں کی تعداد بڑھاؤ، مریضوں کو پرائیویٹ ہسپتالوںکی لوٹ مار سے بچاؤ، سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی سمیت تمام انڈور اور آؤٹ ڈور شعبوں میں ادویات مفت فراہم کرو۔ صحت کارڈ جیسی سرکاری مالی تعاون کے ساتھ چلنے والی ہیلتھ انشورنس اسکیمیں متعارف کروائی جائیں۔ شعبہ صحت پر بجٹ کو جی ڈی پی کے دس فیصد تک بڑھایا جائے۔ مزدور رہنماؤں نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ کی وجہ سے غریب محنت کش طبقہ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔ کہاں گئے وہ دعوے اور وعدے جو حکمران الیکشن سے پہلے کرتے تھے کہ مہنگائی کم کریں گے 300 یونٹس تک بجلی مفت فراہم کریں گے۔ لہذا حکمران الیکشن سے قبل غریب عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں، مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی غریب عوام پر رحم کریں ۔ جیو اور جینے دو کی پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے غریب عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیا جائے گا۔

0/Post a Comment/Comments

پلیز کمنٹ باکس میں کسی قسم کا سپیم لنک شیئر نہ کریں