فیصل آباد(ابرار مغل) ایف ڈی اے کی زیرنگرانی شہر بھر میں 111کچی آبادیوں کی جائیدادوں کے انتظامی امور سرانجام دیئے جارہے ہیں جو 33ہزار سے زائد رہائشی یونٹس پر مشتمل ہیں ان میں دس ہزار سے زائد خاندانوں کو کچی آبادیوں کے مالکانہ حقوق دیئے جاچکے ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج نے جی سی یونیورسٹی لاڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ''ہائوسنگ فارآل ان پاکستان'' کے موضوع پر یوسف بلاک میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتائی جو ہائرایجوکیشن کمیشن کے ریسرچ پراجیکٹ کاحصہ ہے جس میں رہائشی سہولیات میں کچی آبادیوں کے کردار اور شعبہ ہائوسنگ سے متعلق لیگل فریم ورک کے تنقیدی جائزہ سی متعلق امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر پرنسپل انویسٹی گیٹر/اسسٹنٹ پروفیسر آف لا ڈاکٹر شاہد رضوان بیگ، چیئرمین آئی آر ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر غلام مصطفی، اسسٹنٹ پروفیسر غلام مرتضیٰ،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر منج، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی ایف ڈی اے افضال انصاری ودیگر ماہرین قانون و تعلیم موجود تھے۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج نے کسی بھی خاندان کیلئے اپنی رہائش کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنی چھت بنیادی انسانی ضروریات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ چھت سے محروم خاندانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہائوسنگ کے شعبہ میں حکومتی سطح پر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سرکاری زمینوں پر قائم کچی آبادیاں بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں جنہیں سروے کے بعد حکومتی پالیسی اور قواعد و ضوابط کے تحت باقاعدہ ادارہ جاتی سرپرستی فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے اب تک شہر میں سترہ رہائشی کالونیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ دو ہزار ایکٹر سے زائد رقبہ پر ایف ڈی اے سٹی کے بڑے منصوبہ میں تیرہ ہزار سے زائد رہائشی یونٹس کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اسی طرح نجی سطح پر منظم انداز میں ہائوسنگ سکیموں کے قیام کے حوالے سے ٹاؤن پلاننگ میں ایف ڈی اے کی طرف سے ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر فرائض انجام دے جا رہی ہیں۔انہوں نے ہائوسنگ فار آل ان پاکستان پروگرام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کی بدولت وطن عزیز میں اپنی چھت سے محروم خاندانوں کے مسائل کا ازالہ ممکن ہوسکے گا۔ سیمینار سے اسسٹنٹ پروفیسر آف لا ڈاکٹر شاہد رضوان بیگ اوردیگر ماہرین تعلیم و قانون نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہائوسنگ کے شعبے میں کچی آبادیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ چھت بنیادی ضرورت کے تحت سرکاری زمینوں پر اپنی مدد آ پ کے تحت گھروں کی تعمیر سے بعض خاندانوں کو اپنی رہائش میسر آسکتی ہے جس میں لیگل فریم ورک کا مؤثر انداز میں نفاذ ناگزیر ہے۔سیمینار کے اختتام پر لا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے مہمان خصوصی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج اور سمیت دیگر مقررین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں
پلیز کمنٹ باکس میں کسی قسم کا سپیم لنک شیئر نہ کریں