اداروں کی مضبوطی کے لئے اقدامات اٹھانے سے اعلیٰ حکام سرے سے ناکام

پشاور(سید طاہر شاہ) بلدیاتی اداروں کے ذرائع آمدن کو ختم کرنے اور  اداروں کی مضبوطی کے لئے اقدامات اٹھانے سے اعلیٰ حکام سرے سے ناکام چلے رہے ہیں اور اگر کوئی ملازم یا یونین عہدیدار اداروں کی مضبوطی اور ذرائع آمدن بڑھانے کی بات کرتا ہے تو اعلیٰ حکام اپنی اس ناکامی کو چھپانے کے لئے اس عہدیدار کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے اسے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کرتے ہیں جو مروجہ لیبر لاءز کی سرا سر خلاف ورزی ھے۔ لیبر لیڈرز نہ تو ایسے کسی اوچھے ہتھکنڈے سے خوفزدہ ہوں گے اور نہ ہی بلدیاتی اداروں کی مضبوطی اور ذرائع آمدن کو لوٹنے کی اجازت دیں گے۔ لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخوا کے سرپرست اعلیٰ شوکت کیانی ، چیئرمین شوکت علی انجم ، صدر حاجی انور کمال خان ، سینئر نائب صدر حاجی نیاز علی خان ، جنرل سیکریٹری سلیمان خان ہوتی نے اپنے مشترکہ بیان میں بلدیہ مردان، بلدیہ جہانگیرہ ، بلدیہ پرووا اور دیگر TMOs کی طرف سے بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور یونین عہدیداران کے خلاف غیر قانونی اوچھے ہتھکنڈوں کے استعمال کو غیر آئینی ، غیر قانونی، غیر مجازانہ اور غیر منصفانہ قرار دیتے ھوئے کہا کہ اگر TMOs ایسے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئے تو فیڈریشن ان کرپٹ افسران کا کچا چٹھا کھول کر رکھے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گی۔ جس میں ہڑتال اور دیگر کاروائیاں شامل ہو سکتی ہیں و نیز ایسے کرپٹ عناصر کے خلاف تمام فورم کا استعمال کریں گے جن میں نیب ، اینٹی کرپشن اور دیگر اداروں کو بھی شامل کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو قرار واقعی سزا دلوانے میں کسی کاروائی کو فروگزاشت نہیں چھوڑیں گے ۔ جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت اور ان اداروں کے کرپٹ اور نا اہل افسران پر عائد ہو گی۔ فیڈریشن عہدیداران نے مزید کہا کہ ایسے کرپٹ افسران صوبائی حکومت کی بدنامی کا باعث بھی بن رہے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ، وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خیبرپختونخوا سے فوری مداخلت کر کے بلدیہ مردان ، جہانگیرہ اور پرووا ڈیرہ اسماعیل خان کے TMOs کو معطل کر کے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور بلدیاتی اداروں اور بلدیاتی ملازمین کے جاری غیر آئینی ، غیر قانونی، غیر مجازانہ ، غیر منصفانہ اور غیر ضروری کاروائیوں کو فوری روک کر ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا تدارک کر کے مزدور دوستی کا ثبوت دیں۔

0/Post a Comment/Comments

پلیز کمنٹ باکس میں کسی قسم کا سپیم لنک شیئر نہ کریں